ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ووٹروں کو لبھانے نئی چال، فلم کے ٹکٹوں کی مفت تقسیم جے ڈی ایس کے ایک تیر سے 2؍شکار۔ نکھل کمار سوامی اور ’’سیتاراماکلیانا‘‘ دونوں کی تشہیر

ووٹروں کو لبھانے نئی چال، فلم کے ٹکٹوں کی مفت تقسیم جے ڈی ایس کے ایک تیر سے 2؍شکار۔ نکھل کمار سوامی اور ’’سیتاراماکلیانا‘‘ دونوں کی تشہیر

Sat, 02 Feb 2019 12:45:45    S.O. News Service

بنگلورو2 فروری(ایس او نیوز) انتخابات سے قبل اور دوران رائے دہندگان کو اپنی طرف راغب کرنے سیاسی جماعتیں مختلف چالیں چلتی ہیں۔ ساڑیوں ،دھوتیوں اور نقد رقم کی تقسیم ایک عام بات ہے۔ لیکن آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ایک نیا طریقہ ایجاد کیاگیا ہے۔ منڈیا کے رہنے والوں کو اب فلم کے مفت ٹکٹ دیئے جارہے ہیں۔ فلم کا نام ’’سیتاراما کلیانا‘‘ ہے اور اس کے ہیرو نکھل کمار سوامی ہیں۔ یاد رہے وہ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے فرزند ہیں۔ نکھل کو منڈیا پارلیمانی حلقہ سے جنتادل سکیولر(جے ڈی یس) امیدوار کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ اب انہیں اور ان کی فلم کو پرموٹ کرنے کے لئے ان کے حامیوں نے منڈیا کے کئی گھروں میں فلم کے ٹکٹ مفت تقسیم کئے۔ اس طرح ہر کنبے کو تقریباً 15؍تک مفت ٹکٹ مل رہے ہیں۔ اندوال دیہات کی رہنے والی جلاجا نے کہاکہ ان کے گھر والوں کو 15ٹکٹ مفت میں دیئے گئے۔ انہوں نے کہا ’’ ہمارا پورا کنبہ فلم دیکھنے کے لئے منڈیا گیا۔ ہمارے لئے یہ ایک بڑی بات تھی۔ ہم عام طور پر اتنی بڑی تعداد میں سنیما گھر نہیں جاتے۔ کچھ دیگر کنبوں کے لئے تو سنیما گھر تک لے جانے کے لئے سواریوں کا انتظام بھی کیاگیا۔ اگربتی کے ایک کارخانہ میں کام کرنے والی رتنما نے کہا یہ ٹکٹ جے ڈی یس کے مقامی لیڈروں کی جانب سے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ چند ایسے گرام پنچایت لیڈر جن کا تعلق جے ڈی یس سے ہے یہ ٹکٹ لاکر تقسیم کررہے ہیں۔ اگر ہم زیادہ کا مطالبہ کرتے ہیں تو وہ اس کے لئے بھی تیار ہوجاتے ہیں۔ ایک ہی کنبے کو 30؍ٹکٹ تک بھی دیئے گئے ہیں۔ ’’ لوگ منڈیا کے ایسے کسی بھی سنیما گھر میں یہ فلم مفت میں دیکھ سکتے ہیں جہاں یہ فلم لگی ہے۔ ایک اور خاتون نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اس طرح مفت ٹکٹ تقسیم کئے جانے سے پہلے اکثر سنیما گھر خالی پائے جارہے تھے۔ نکھل نہ صرف اپنی فلم کو پرموٹ کررہے ہیں بلکہ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں اپنے لئے راہ ہموار بھی کررہے ہیں لیکن جے ڈی ایس اور کانگریس کے درمیان اس سیٹ کو لے کر تنازع چل رہا ہے۔ کانگریس اس حلقہ سے کنڑا اداکار اور سابق رکن پارلیمان آنجہانی امبریش کی بیوی سمالتا کو میدان میں اتارنا چاہتی ہے۔ 


Share: